اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی ٹیکس محتسب سے گزشتہ سال کے دوران ٹیکس دہندگان کو ساڑھے 9ارب روپے کا ریلیف حاصل ہوا ہے،وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے کہا ہےکہ وفاقی ٹیکس محتسب میں ٹیکس شکایات کے ازالے سے متعلق ٹیکس دہندگان کو آگاہی کی فراہمی نہایت ضروری ہےکیونکہ عوامی سطح پر وفاقی ٹیکس محتسب کے حوالے سے زیادہ آگاہی نہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فورم آف پاکستان محتسبین کے 31ویں اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کیا ، اجلاس میں ایگزیکٹو سیکریٹری الماس علی جوندہ نے گزشتہ چار سال میں وفاقی ٹیکس محتسب کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چار سال میں وفاقی ٹیکس محتسب کو 37 ہزار 553 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 34 ہزار 744 نمٹا دی گئیں ،گزشتہ برس دسمبر تک دو لاکھ بیالیس ہزار شکایات کا ازالہ کیاگیا اور عوام کو ساڑھے 9ارب روپے کا ریلیف حاصل ہوااور متعدد شہروں میں وفاقی ٹیکس محتسب کو وسعت دی گئی۔