کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے کنٹینر جہاز کی تعمیر کا آغاز قومی بحری شعبے کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس منصوبے کے تحت پی این ایس سی کے لئے ایک جدید کنٹینر جہاز تیار کیا جا رہا ہے جس کی تعمیر مکمل طور پر ملکی وسائل سے کی جائے گی۔اس جہاز کی شمولیت سے قومی بحری بیڑے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی شپنگ پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔وہ شپ یارڈ میں پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے لئے 1100 ٹی ای یو کنٹینر شپ کی ا سٹیل کٹنگ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کنٹینر شپ منصوبہ نہ صرف بحری شعبے بلکہ مجموعی قومی معیشت کے لئے بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے گی اور پاکستان کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔