اسلام آباد( طاہر خلیل) پاکستان اور چین کا انسداد دہشت گردی کیلئے مشترکہ اقدام ، دونوں ملکوں نے چینی شہریوں کی سیکورٹی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیاگیا، چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے اسلام آبا د میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چین کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ددنوں ممالک کی قومی سلامتی اور سماجی استحکام کے مشترکہ تحفظ، درپیش چیلنجز اور خطرات سے موثر طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو چینی اے آئی ٹیکنالوجی سے انسداد دہشت گردی اور بڑھتے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک چین وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کاانسداد دہشت گردی پولیس ٹریننگ اور مشترکہ مفادات شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو بیجنگ میں چین کے وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ سے اہم ملاقات کی،ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، داخلی سیکورٹی معاملات انسداد دہشت گردی،پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر 3 ماہ بعد میٹنگ پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک بار ملاقات ہوگی۔دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں چین کی وزارت پبلک سیکورٹی کے ہیڈ کوارٹر آمد پر چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔