اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے مطابق بدھ کے روز سعودی عرب کی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان کے ایئر چیف سے سعودی عرب میں ملاقات کی، جس میں دونوں دیرینہ اتحادی ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات خلیج اور جنوبی ایشیا کے دو پرانے دفاعی شراکت داروں کے سینئر فوجی رہنماؤں کے درمیان ہوئی۔سعودی شاہی خاندان کے رکن سعودی ائیر چیف ترکی بن بندربن عبدالعزیز اور چیف آف ائیر اسٹاف ائیر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے مابین یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب اپنی فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کی جدید کاری میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، جبکہ پاکستان بھی بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر خلیجی ممالک کے ساتھ دفاعی سفارت کاری کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک اپنی فوجی شراکت داری کو اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم ستون قرار دیتے ہیں، جو دفاع کے علاوہ اقتصادی تعاون، مزدوروں کے تبادلے اور علاقائی سفارت کاری جیسے شعبوں تک بھی پھیلی ہوئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دفاعی تعلقات موجود ہیں جن میں تربیتی پروگرام، مشترکہ مشقیں اور تکنیکی تعاون شامل ہیں، خاص طور پر فضائیہ کے شعبے میں۔ پاکستانی فوجی اہلکار طویل عرصے سے سعودی عرب میں تربیتی اور مشاورتی کردار ادا کرتے رہے ہیں جبکہ دونوں ممالک علاقائی سکیورٹی کے معاملات پر باقاعدگی سے مشاورت کرتے ہیں۔ پاکستانی فضائیہ کو خطے کی سب سے پیشہ ور فضائی افواج میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ ماضی میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی کثیرالملکی فضائی مشقوں میں بھی حصہ لے چکی ہے۔