• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، 84 ارب کی 523 اسکیموں کا اعلان

کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)، محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دیدی، جسکا مقصد شہر میں عالمی معیار کی ترقی کیلئے ایف ڈبلیو او کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا ہے۔ اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کیلئے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور شہر میں 523ترقیاتی اسکیموں کیلئے 84 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ایک مرتبہ کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی ہے،کراچی کی ترقی دنیا کے بہترین شہروں کے ہم پلہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی سے متعلق اسکیموں کیلئے وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)کے تحت 26 ارب 28 کروڑ 20 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔وزیراعلی نے کہا میں معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایف ڈبلیو او کے ساتھ شراکت داری میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام میگا اور اہم منصوبے عالمی معیار کی منصوبہ بندی اور ڈیزائن کے تحت ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کراچی ڈویژن میں فوری عملدرآمد کیلئے 10 ارب 72 کروڑ روپے کے چھ ترجیحی انفراسٹرکچر منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کا مقصد دیرینہ ٹریفک مسائل کا حل، بہتر کنیکٹیویٹی اور شہری نقل و حرکت کو مضبوط بنانا ہے۔

اہم خبریں سے مزید