ملتان(سٹاف رپورٹر )ضلعی انتظامیہ کا غیر قانونی پٹرول پمپ یونٹس اور ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ضلع بھر میں کارروائیوں کے نتیجے میں 110 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 90 مقدمات درج کیے گئے۔ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر قائم پٹرول پمپ یونٹس اور ایل پی جی ری فلنگ پوائنٹس کے خلاف آپریشن کے دوران 150 سے زائد دکانیں سربمہر کی گئیں اور متعدد غیر قانونی یونٹس کو قبضے میں لے لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال اور ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر محمد ارشد کی قیادت میں مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا، جس کے دوران غیر قانونی طور پر پٹرول اور ایل پی جی فروخت کرنے والے یونٹس اور استعمال ہونے والی مشینری موقع پر ہی اٹھا لی گئی۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں ایل پی جی سلنڈر اور پٹرول کے ڈرم برآمد کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپ اور ایل پی جی ری فلنگ یونٹس عوام کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں، ایسے غیر قانونی کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔