کراچی (اسٹاف رپورٹر/ ایجنسیاں) کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اسہیل آفریدی کو سرکاری پروٹوکول فراہم ‘سندھ کے سینئر وزیر سعید غنی نے اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی جبکہ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئے راستہ نکلے گا‘وہ جلد وزیر اعظم بن کر آئیں گے ‘ جہاں جہاں بانی سے غلطیاں ہوئی انہوں نے مانا‘ ہم صرف ٹی ٹی پی نہیں بلکہ تمام دہشت گرد تنظیموں کی مخالفت کرتے ہیں، میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے‘جو ان کو یہاںلاکر آباد کرتے ہیں ہم ان کے بھی خلاف ہیں‘ خیبر پختونخوا میں امن ملٹری آپریشن سے قائم نہیں ہوگا۔ وزیراعظم اگر مجھے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بات چیت پر بلائیں گے تو میں لازمی جاؤں گا‘تمام اسٹیک ہولڈرز خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے راستہ نکالیں‘ کسی سے بھی مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کے پاس ہے وہی یہ معاملہ دیکھیں گے ۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی رہائی کے لیے اسٹریٹ موومنٹ شروع کی ہے۔کل باغ جناح کراچی میں پی ٹی آئی جلسہ کرے گی۔وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کررہے تھے ۔قبل ازیں سہیل آفریدی اپنی پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کے لئے جمعہ کو کراچی پہنچے تو سینئر وزیر سعید غنی نے خود ائیرپورٹ جا کران کا استقبال کیا۔