کراچی (رفیق مانگٹ) سیٹلائٹ تصاویر نے وینزویلا میں میتھین گیس کے بڑے اخراج کا پردہ فاش کردیا،ناسا نے ایک دن میں وینزویلا میں پانچ بڑے میتھین اخراج ریکارڈ کر لئے، اخراج زیادہ تر متروک تیل کے کنوؤں، بوسیدہ انفرااسٹرکچر سے ہو رہا ہے،میتھین اخراج سے ماحولیاتی خطرہ اور اربوں ڈالر کی ممکنہ آمدنی کا ضیاع،بڑی امریکی آئل کمپنیاں وینزویلا سے دور، چھوٹی فرموں کے لئے محدود موقع۔ تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ڈیٹا سے انکشاف ہوا ہے کہ وینزویلا کے بوسیدہ تیل و گیس انفرااسٹرکچر سے لاکھوں ٹن میتھین گیس خارج ہو رہی ہے۔ ناسا کے EMIT آلے نے ایک ہی دن میں متعدد بڑے اخراج ریکارڈ کئے، جو توانائی کے شعبے میں شدید بدانتظامی اور سرمایہ کاری کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال نہ صرف ماحولیاتی خطرہ ہے بلکہ امریکی تیل کمپنیوں کے لئے وینزویلا میں سرمایہ کاری کو بھی مشکل بنا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق میتھین کا یہ اخراج نہ صرف ماحولیاتی خطرہ ہے بلکہ اربوں ڈالر کی ممکنہ آمدنی کے ضیاع کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔