راولپنڈی( جنگ نیوز)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کوجیل سے نکالیں گے، پورا پاکستان بند کریں گے، نہیں چلنے دیں گے۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ میرے وارنٹ جاری کیے گئے، جج خود چھٹی پر چلے گئے، ہم نے پیر تک مہلت مانگی تھی، ہماری بات نہیں سنی گئی، ہم اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات نہیں، ان کی رہائی کے لیے بیٹھتے ہیں، بس بہت ہوگیا، عمران خان کو رہا کیا جائے، یہ قوم کی آواز ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ منگل 13 جنوری کو اڈیالہ جیل کے باہر ختم قرآن پاک کریں گے۔ ہزاروں قرآن پاک کے ساتھ سب جیل کے باہر قرآن خوانی کریں گے، اس کے بعد شہیدوں، قیدیوں اور پاکستان کے لیے دعائیں ہوں گی۔