اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ PMIF 2026 معدنی شعور کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم کی پاکستانی سفارتی مشنز کیساتھ ورچوئل بریفنگ، پٹرولیم ڈویژن سینئر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے پاکستانی سفارتکاروں کو پی ایم آئی ایف 2026 میں عالمی شرکت بڑھانے کے لیے متحرک کیا۔ علی پرویز ملک نے پاکستان کے سفیران اور ہائی کمشنرز سے رابطہ کیا جو اہم عالمی دارالحکومتوں میں تعینات ہیں تاکہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (PMIF 2026) میں مضبوط بین الاقوامی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس فورم کو ملک کے معدنی وسائل اور کان کنی کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کے ساتھ ایک جامع ورچوئل بریفنگ کی۔