اسلام آ باد (رانا غلام قادر) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے ایڈمنسٹریٹرز کوہدایت جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ ایسے سرکاری یا نجی افراد جو غیر قانونی قبضوں میں سہولت کاری کے مرتکب پائے جائیں، ان کے خلاف بھی سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔چیئرمین بورڈ نے کہا کہ شفافیت، احتساب اور نظم و ضبط متروکہ وقف املاک بورڈ کی اولین ترجیحات ہیں اور تمام افسران دیے گئے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت ہیڈ آفس میں منعقد متروکہ وقف املاک کے ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کا ایک اہم اجلاس میں کیا ، جس میں بورڈ کے مختلف انتظامی اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹرسٹ املاک کی لیز منی اور کرایہ کی وصولی، بقایاجات کی ریکوری، اسیسمنٹ و ری اسیسمنٹ کی پیش رفت، متروکہ وقف املاک و اراضی کی ترقی، نیلامی میں غیر لیز شدہ پلاٹس، جیو ٹیگنگ، اور دفتری نظم و ضبط سمیت اہم ایجنڈا نکات زیرِ غور آئے۔