• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت نے PIA کی بولی کیلئے منظوری کے تمام مراحل مکمل کرلئے

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وفاقی حکومت نےپی آئی اے کی بولی کے لیےمنظوری کے تمام مراحل مکمل کرلیے۔وفاقی کابینہ نےپی آئی اے کے لیے عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے دی گئی 75فیصدحصص کی خریداری کےحوالےسےایک سو پینتس ارب روپے کی بولی کی پیشکش کی منظوری دے دی ۔ذرائع کےمطابق وفاقی کابینہ نےکابینہ کمیٹی برائےنجکاری کےفیصلے کی تو ثیق کی ۔ذرائع کے مطا بق رواں ماہ کے آخر میں نج کاری کمیشن اور کامیاب بولی دہندہ کے در میان با قاعدہ سیلز ایگریمنٹ کی تقریب ہوگی۔ اس ایگریمنٹ پر دستخط ہونے کے 90دن کے اندر پی آئی اے کو ہینڈ اوور کرنے کا عمل مکمل کیا جا ئے گا۔اس سے قبل نجکاری کمیشن بورڈنےعارف حبیب کنسورشیم کی بولی کی منظوری کے لیےسفارش کی تھی ۔وفاقی حکومت نےگزشتہ ماہ 23دسمبرکوپی آئی اے کی نجکاری کےلیےبولی کی تقریب کا انعقاد کیا تھاجس میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سےپی آئی اے کی خریداری کےحوالے سے 75فیصد حصص کےلیے 135ارب روپےکی بولی دی گئی تھی جبکہ وفاقی حکومت نے پی آئی اے کے لیے100ارب روپے کی ریفرنس پرائس مقررکی تھی-پی آئی اے کےباقی ماندہ 25فیصد حصص حکومت قیمتی اثاثے کے طور پر رکھے گی تاہم کامیاب بولی دہندہ باقی 25 فیصد خریدنے یا حکومت کے پاس چھوڑنے کا مجاز ہوگا۔وفاقی حکومت نے بولی دہندگان کو یہ اختیار دیاکہ وہ 12 ماہ کے اندر 12 فیصد پریمیم کے ساتھ باقی حصص خریدنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔کامیاب بولی دہندہ 90 روز کے اندر بولی کی رقم کا دو تہائی جمع کرائے گااورباقی ایک تہائی رقم ایک سال کے اندر ادا کی جائے گی-واضح رہے کہ پی آئی اے کے لیے بولی کے عمل میں تین بولی دہندگان نے حصہ لیا تھا، ایک کنسورشیم جس میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ،حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ، کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل تھا،دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب ،کارپوریشن لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، سٹی اسکولز پرائیویٹ لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ تیسرا کنسورشیم ایئر بلیو پرائیویٹ لمیٹڈ تھا۔
اہم خبریں سے مزید