کراچی (اسد ابن حسن) پولیس سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی شہزاد اکبر نے حالیہ دنوں میں دو فیصلے کیے ہیں۔ حالیہ فیصلے کے مطابق اب اے ایس آئی اور ایس آئی شفٹ انچارج تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یعنی گریڈ 11 کےجونیئر شفٹ انچارج کی ماتحتی میں گریڈ 16 کے گزیٹیڈ انسپکٹر اور سب انسپکٹر خدمات انجام دیں گے۔ 1974 کا ایف آئی اے ایکٹ یہ کہتا ہے کہ اے ایس آئی نہ تو تحقیقات کرنے کا مجاز ہے اور نہ ہی وہ کسی سرکل میں ایس ایچ او تعینات کیا جا سکتا ہے اور شفٹ انچارج کا مطلب ایس ایچ او ہی ہوتا ہے کیونکہ وہ پوری شفٹ چلا رہا ہوتا ہے ۔امیگریشن ڈیپارچر کی شفٹ ڈی میں اے ایس آئی شفقت کولاچی اور شفٹ سی میں اے ایس آئی عرفان گل جبکہ آرائیول کی شفٹ بی میں اے ایس آئی دانش بابر اور شفٹ سی میں اے ایس آئی فرخ سلیم تعینات کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ "یہ کوئی ایسی خاص بات نہیں ہے، یہ ایک روٹین کی کاروائی ہے، ہو سکتا ہے اکا ُدکا ہو گئے ہوں"۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر کراچی زون منتظر مہدی سے بھی رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔