کراچی( ثاقب صغیر )رشوت وصول کر کے اکیلی خاتون مسافر کو عمرہ کے لیے کلیئر کرنے والے ایف آئی اے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملتان ایئرپورٹ پر تعینات عدیل نامی ایف آئی اے اہلکار کو گرفتار کیا گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون نے اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدیل نامی اہلکار ملتان ایئرپورٹ پر بطور کانسٹیبل ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔ اہلکار نے مبینہ طور پر رشوت وصول کر کے اکیلی خاتون مسافر کو عمرہ کے لیے کلیئر کیا۔ مذکورہ خاتون کے پاس عمرہ سے واپسی کا ٹکٹ اور خرچے کے لیے کوئی رقم نہ تھی۔خاتون مسافر سے ایجنٹ نے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 80 ہزار روپے بٹور رکھے تھے۔ ایجنٹ نے مبینہ طور پر ایف آئی اے اہلکار کو خاتون کو آف لوڈ نہ کرنے کے لیے رشوت دی تھی۔ ایف آئی اے ملتان نے مقدمہ درج کر کے ایف آئی اے اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔