اسلام آباد (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا ہنگامی ورچوئل اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر کی عدلیہ میں کفایت شعاری اور توانائی بچت کے اقدامات نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کفایت شعاری اقدامات کے باوجود عوام کو انصاف کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔فیصلے کے مطابق وفاقی شریعت عدالت اور ہائی کورٹس پیر سے جمعرات تک مکمل استعداد کے ساتھ کام کریں گی جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو ہنگامی عدالتی اور انتظامی امور جاری رکھنے کیلئے داخلی انتظامات کیے جائینگے۔ اجلاس میں پٹرولیم سپلائی میں ممکنہ تعطل اور عالمی توانائی اخراجات میں اضافے کے پیش نظر حکمت عملی اپنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ اور ہفتہ کو ہائی کورٹس میں عملے کی کم سے کم حاضری رکھی جائے گی جبکہ ہائی کورٹس اور ضلع عدالتوں میں عملے کی روٹیشنل حاضری کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔