اسلام آباد(کامرس رپورٹر ، نامہ نگار)قومی اسمبلی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے پاکستان نے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا، منگل کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن شاہدہ رحمانی نے یہ قرارداد ایوان میں پیش کی،جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کے نمایاں کردار ، ان کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی میں خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آئینی اور قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے خواتین کی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا گیا ہے تاہم انہیں بنیادی انسانی حقوق ، انصاف تک مساوی رسائی اور فیصلہ سازی میں شامل کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ خواتین کو آئین میں جو حقوق فراہم کئے گئے ہیں ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور صنفی امتیاز، تشدد کے خلاف انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا،گورننس میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔