کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مشیروں اور معاونین خصوصی کی تعداد کم کر کے حکومتی اخراجات میں حقیقی کمی لائیں،حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بجلی اور گیس کے بلوں میں نمایاں کمی کرے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت کنٹرول یقینی بنائے۔کم آمدنی والے خاندانوں کے لئے شفاف اور منظم طریقہ کار کے تحت راشن کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی دباؤ کا شکار ہے، جبکہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی زندگی کو مزید مشکل بنا رہا ہے ۔