• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا کراچی میں جلسہ آج‘ سڑک پر ہوا تو ایکشن ہوگا، وزیر داخلہ سندھ

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا جلسہ آج کراچی میں ہوگا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو سڑک پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، کسی بھی سڑک پر جلسہ ہوگا تو صوبائی حکومت سخت ایکشن لے گی۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ جلسہ آج باغ جناح میں کریں گے، پہلے مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسے کا اعلان کیا تھا۔ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جہاں جلسے کی اجازت دی ہے وہیں کرے، ہم ابھی تک پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، حکومت کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔ صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کی باضابطہ اجازت ہفتے کو شام میں دی ہے۔ قبل ازیں اسٹاف رپورٹر کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ و ٹائون پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ باغ جناح وفاق کے کنٹرول میں ہے ہماری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت مل جائے، عوام کو تکلیف پہنچی تو قانون حرکت میں آئیگا، سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کو پر امن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے مگر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی،پی ٹی آئی کا مستقبل پی ٹی آئی پاکستان میں ہے،پی ٹی آ ئی کا طرز سیاست شدت پسند ہے خان صاحب کی تعلیمات کی وجہ سے مسائل جنم لیتے ہیں پرامن سیاست کے کو ئی بھی خلاف نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیر کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ناصر شاہ نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ وہاں کے عوام کا مینڈیٹ ہیں ہم کے پی کے، کے عوام کو عزت دے رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید