اسلام آباد (ممتاز علوی) لاہور میں اپوزیشن اتحاد کی سرگرمیاں پی ٹی آئی کی صف اول کی قیادت ’غائب‘، انتخابات کی دوسری سالگرہ اور اسٹریٹ موبلائزیشن پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت اپوزیشن اتحاد کے ساتھ نظر نہ آئی۔ لاہور میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام ہونے والی سرگرمیوں سے پاکستان تحریک انصاف کی صف اول کی قیادت ’غائب‘ رہی۔ اپوزیشن اتحاد کی قیادت کے تین روزہ دورے سے ایک دن قبل، اس کے ترجمان اخوندزادہ حسین نے اعلان کیا تھا کہ ٹی ٹی اے پی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، وائس چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، اور سیکرٹری جنرل اسد قیصر سمیت دیگر رہنما بھی اپوزیشن کے اس دورے کا حصہ ہوں گے۔ تاہم، 8 فروری کے عام انتخابات کی دوسری سالگرہ کے سلسلے میں عوامی مہم کے لیے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں سے کوئی بھی اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ نظر نہیں آیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ٹیلیفون پر دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں اپوزیشن اتحاد کی سرگرمیوں سے ان رہنماؤں کی ’غیر حاضری‘ کی کچھ خاص وجوہات تھیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سلمان اکرم راجہ کراچی میں پارٹی کے جلسے کے سلسلے میں موجود تھے، جہاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی شریک تھے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کراچی میں ہونے والی سیاسی سرگرمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسے کسی صورت نہیں چھوڑ سکتے تھے۔