• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا سفارتی عمل نہیں سیاسی جارحیت ہے، اسحاق ڈار، فلسطینی عوام کی جبری بیدخلی کی تجویز مسترد

جدہ(شاہدنعیم /اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹراسحاق ڈار نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر مصر‘ مالدیپ‘ بنگلہ دیش ‘آذربائیجان اورسعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں۔اسحاق ڈار نے صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ اور صومالی لینڈ کو اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی طور پر تسلیم کیے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خودمختار ریاست کے لازمی حصے کو تسلیم کرنا کوئی سفارتی عمل نہیں بلکہ ایک سیاسی جارحیت ہے جو ایک خطرناک نظیر قائم کرتی ہے، جس سے افریقہ ، بحیرہ احمر کے خطے اور اس سے آگے امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے‘ اسرائیلی اقدام صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہِ راست حملہ ہے‘ بین الاقوامی برادری ایک آواز ہو کر صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات کو مسترد کرے‘پاکستان فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی سے متعلق کسی بھی تجویز کو مستردکرتا ہے‘ جموں و کشمیر کا مسئلہ جنوبی ایشیا میں تنازعہ کی بنیادی وجہ اور ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے،اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں اس تنازع کے پرامن حل کے لیے فوری اور مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے‘ہم او آئی سی پر زور دیتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائے۔ یہاں او آئی سی وزراء خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ صومالی لینڈ کا علاقہ صومالیہ کا ایک لازمی، ناقابلِ تقسیم اور ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے،کسی بھی بیرونی فریق کو اس بنیادی حقیقت کو بدلنے کا نہ قانونی اختیار ہے اور نہ اخلاقی جواز، صومالیہ کے کسی بھی حصے کے بارے میں کسی ریاست یا بیرونی ادارے کی جانب سے کوئی بھی اقدام، بیان یا تسلیم کرنا کالعدم اور بے اثر سمجھا جانا چاہیے، جس کے کوئی سیاسی یا قانونی نتائج مرتب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ افریقہ کے خطے میں موجودہ تشویشناک صورتحال اس وقت مزید باعث فکر ہے جب صومالیہ اپنی سیاسی اور ادارہ جاتی سمت میں حوصلہ افزا اور ٹھوس پیش رفت کا مظاہرہ کر رہا ہے‘پاکستان القاعدہ سے منسلک دہشت گرد تنظیم الشباب اور اس کے اتحادیوں کے مستقل خطرے کے مقابلے میں صومالی عوام اور ان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور استقامت کو تسلیم کرتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید