• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل آفریدی اگر سیاست کرنے کیلئے آئے ہیں تو ہم حاضر ہیں، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی اگر سیاست کرنے کے لیے آئے ہیں تو ہم حاضر ہیں اگر وہ پروپیگنڈا اور چیزوں کو مفلوج کرنے آئے ہیں تو یہ چیز غلط ہے، اربوں روپے کی روڈ کٹنگ ٹاؤن لیتے ہیں اور سڑک نہیں بناتے تو سوال ان سے ہونا چاہئے، تاریخی اولڈ سٹی ایریا کی ترقی اور بحالی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،سال 2026 کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال قرار دیا گیا ہے،30 جون تک اولڈ سٹی ایریا میں جاری ترقیاتی کام مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، منصوبے کو 595 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 70 کروڑ روپے بلدیہ عظمیٰ کراچی اولڈ سٹی ایریا پر خرچ کرنے جا رہی ہے، ان منصوبوں کے تحت جوڈیا بازار، بولٹن مارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر میں سڑکوں، پیور بلاکس، وئیرنگ ایریاز اور سیوریج لائنز کی بحالی شامل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اولڈ سٹی ایریا میں سڑکوں کی تعمیر، سیوریج سسٹم کی بحالی اور اسٹریٹ لائٹس و الیکٹریفکیشن کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، منتخب نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ لی مارکیٹ کی بحالی 10 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی اس منصوبے کو 90 روز میں مکمل کیا جائے گا ،میئرنے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ سڑکیں بنائی جائیں اور بعد میں کوئی ادارہ آ کر دوبارہ کھدائی کر دے، اس حوالے سے بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کھجور بازار اور دیگر مارکیٹوں میں بھی ترقیاتی کام کروائے جا چکے ہیں اور ہوتی مارکیٹ اور ایمپریس مارکیٹ کی طرز پر مچھی میانی مارکیٹ کو بھی بہتر بنایا جائے گا لیاری میں نئی پانی کی لائنوں کا کام جون تک مکمل ہو جائے گا،، 71 ارب روپے پانی کی لائنوں کی تنصیب پر خرچ کیے جائیں گے، آئندہ چند روز میں واٹر ٹریبونل کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 46 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی شہری مسائل پر سنجیدہ کردار ادا کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ باغ جناح بڑا گرائونڈ ہے اس کو بھرنا آسان نہیں صاف صاف بولو بندے نہیں ہیں حلیم عادل شیخ صاحب کہہ رہے ہیں ٹوپی پہنائی ہے حلیم بھائی آپ نے آفریدی صاحب کو ٹوپی پہنائی ہے سڑک بلاک کرنے کے ہرگز ہم حامی نہیں، باغ جناح چھوڑو کے ایم سی کے کسی چھوٹے گراؤنڈ میں جلسہ کرو۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید