• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی جلسے میں صحافیوں پر تشدد، کراچی پریس کلب اور کے یو جے دستورکی مذمت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب اور کے یو جے (دستور)نےپی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدداور میڈیا ہائوسز کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کو آزادی صحافت پر حملہ قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اورحکومت سے واقعہ میں ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی اور میڈیا ہائوس کو پہنچنے والے نقصانات کے فوری ازالے کامطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان کے مطابق کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ کراچی کے موقع پر باغِ جناح میں منعقدہ جلسے کی کوریج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جو آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے ۔دریں اثناکراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے جلسے میں صحافیوں پر تشدد اور میڈیا ہاؤسز کی گاڑیوں اور آلات کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نصراللہ چوہدری و دیگر کاکہنا تھا کہ جلسے میں میڈیا نمائندوں پر تشدد کے علاوہ مختلف میڈیا اداروں کی ڈی ایس این جی گاڑیوں اور قیمتی آلات کو نقصان پہنچایا گیا جو صحافتی اقدار اوربنیادی انسانی اصولوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نےپولیس اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اس افسوسناک واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اورمیڈیا ہاؤسز کی ڈی ایس این جی گاڑیوں، کیمروں اور دیگر قیمتی آلات کو پہنچنےوالے نقصان کا فوری اور مکمل ازالے کامطالبہ کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید