• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایچ ایف اور ہاکی کھلاڑیوں میں ڈیلی الاؤنس پر تنازع شدید

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ڈیلی الائونس کے مسئلے پر پی ایچ ایف اور قومی کھلاڑیوں کے درمیان تنازع میں مزید شدت پیدا ہوگئی ہے، اسلام آباد میں جاری کیمپ میں کھلاڑیوں نے اس مسئلے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق قومی ہاکی کھلاڑیوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ سے ملاقات کی، جس میں پرو لیگ ڈیلی الاؤنس کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ایس بی کی جانب سے ڈیلی الاؤنس کی مد میں کم ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ ڈی جی پی ایس بی نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاحال پرو لیگ کیلئے فنڈنگ موصول نہیں ہوئی اور تمام اخراجات پی ایس بی اپنے وسائل سے برداشت کر رہا ہے، کھلاڑیوں کو پی ایس بی کی پالیسی کے مطابق ہی ڈیلی الاؤنس ادا کیے گئے ہیں، قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور کئی کھلاڑی اسلام آباد میں جاری پرو لیگ کیمپ میں شرکت کیلئے ادھار رقم لے کر پہنچے ہیں، قومی ہاکی کھلاڑیوں نے وزیرِ اعظم پاکستان سے معاملہ جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ پی ایچ ایف نے پرو لیگ کیلئے کھلاڑیوں کا ڈیلی الاؤنس 30 ہزار روپے مقرر کیاہے جبکہ پاکستان ا سپورٹس بورڈ نے اپنی پالیسی کے تحت 40 ڈالر یومیہ ڈیلی الاؤنس کے چیکس جاری کیے ۔ پی ایس بی کا مؤقف ہے کہ پی ایچ ایف اپنی پالیسی کے مطابق ڈیلی الاؤنس دیتا ہے جبکہ پی ایس بی اپنی پالیسی کے تحت کام کرتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید