کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کی نئی ٹیم سیالکوٹ کے اونر حمزہ مجید نے واضح انداز میں کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹائٹل جیتنے کیلئے شامل ہوئے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کیلئے مکمل اور جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں سے متعلق ایک خاکہ پیش کر دیا ، انہوں نے کہا کہ اس ماہ کے آخر تک پلیئرز ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کرلیں گے، بابر اعظم کو ٹیم میں لینا سب کی خواہش ہے۔ چھ سے سات آسٹریلین کرکٹرز بھی ڈرافٹنگ کے لیے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، ہمارا فوکس لوکل ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، سیالکوٹ کے بچوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا، امید ہے تین سے چار آسٹریلین کھلاڑی ہماری ٹیم میں شامل ہوں گے۔ پاکستان کی موجودہ پلیئنگ الیون کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش زیادہ ہے، ہمارا کپتان پاکستانی ہوگا، کوچ ہمارے میرٹ پر ہوں گے، اگر مقامی کوچز نہ میسر ہوئے تو غیر ملکی کوچ کی طرف جائیں گے۔ ٹیم کے انتخاب میں کوئی پرچی سسٹم نہیں ہوگا۔ آسٹریلیا کے کوچز بہترین ہوتے ہیں، اگر پاکستان سے کوئی کوچ نہ ملاتو کوشش ہوگی کہ آسٹریلین کوچ کی خدمات حاصل کریں۔