اسلام آباد ( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نیووٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائیزیشن و آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے،خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کیلئے وزارت خارجہ اور وزرات سمندر پار مقیم پاکستانی اقدامات میں تیزی لائیں۔نیووٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائیزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ کے سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی، انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر بلائے گئے جائزہ اجلاس میں دی جو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نیووٹیک کے ساتھ کام کرنے والے نجی شعبے کے تھرڈ پارٹی ویلڈیٹرز، صنعتی شعبے کے شراکت دار، پیشہ ورانہ فرمز، چیمبرز آف کامرس کے نمائندے، کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور مصنوعی ذہانت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی ۔اجلا میں، نیووٹیک کے تحت جاری تربیتی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے نیووٹیک کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیر اعظم نے، تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے نئے اہداف کا تعین کرنے اور اپرینٹس شپ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کیلئے بین الاقوامی سرٹیفیکشنز کی فراہمی خوش آئند امر ہے،پاکستانی نوجوان افردای قوت صلاحیتوں سے بھرپور ہے۔