اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی جولائی تا ستمبر کے دوران پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.7فیصد ریکارڈ کی گئی ، زراعت کی 2.9فیصد ، صنعت 9.4فیصد اور خدمات کے شعبے میں شرح نمو 2.4فیصد رہی ،جولائی تا دسمبرکے چھ میں مہنگائی کی اوسط شرح 5.2فیصد رہی جو گزشتہ برس اس عرصے میں 7.2فیصد تھی جبکہ ماہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 4.1فیصد سے بڑھ کر 5.6فیصد پر آگئی ، چھ ماہ میں ایف بی آر کے ٹیکس ریونیو میں 9.5فیصد اضافہ ہوا ، ماہ دسمبر میں ٹیکس ریونیو میں 7.3فیصد اضافہ ہوا ، جولائی تا نومبر کے پانچ ماہ میں ملک کا مالی خسارہ بڑھ 0.8فیصد رہا جو گزشتہ برس 0.03فیصد تھا، وزارت منصوبہ بندی نے ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی، اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان کے معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ، اہم شعبوں نے حکومتی اصلاحات کے باعث استحکام برقرار رکھا،انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پائیدار ترقی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے احتیاط کے دائرے کو نہ چھوڑیں، انہوں نے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں بحالی ہوئی ، جولائی تا اکتوبر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ سیلاب اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود برامدات 16.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں،جولائی تا دسمبر کے دوران ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ ہو اورا 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔