اسلام آباد (رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نےویزا کے حصول میں درپیش مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے نئی پالیسی وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان اصلاحات کیلئے وفاقی کابینہ نے ویزاکلیرنس رجیم پر کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ کو چھ رکنی کمیٹی کا سربراہ مقررکیا گیا ہے۔یہ کمیٹی ویزہ کے عمل کو سہل۔ شفاف اور محفوط بنا نے کیلئے سفارشات تیار کریگی ۔کمیٹی چودہ روز میں اپنی رپورٹ وفاقی کابینہ کیلئے جمع کرائے گی ۔حکومتی ذرائع کےمطابق ویزاکلیرنس رجیم کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کے ارکان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک،سیکرٹری قانون وانصاف اورسیکرٹری داخلہ شامل ہیں۔ کمیٹی 14روز میں رپورٹ وفاقی کابینہ کےلیےجمع کرائے گی، وزارت داخلہ کمیٹی کیلئے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔کمیٹی ویزا کلیرنس رجیم سے متعلق اپنی سفارشات دیگی۔ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پاکستان کے ویزا اور سفری کلیئرنس نظام میں اصلاحات کے تحت نئے ویزا کلیئرنس سسٹم کی منظوری دی ہے ۔ نئے نظام کا مقصد بیرون ملک پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کے حصول کے عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔