پشاور (جنگ نیوز) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل کاشف اقبال جیلانی نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کے دوران انہوں نے ادارے کی مجموعی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔کاشف جیلانی نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ، صحت بخش اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں خوراک تیار کرنے والی صنعت، فوڈ سپلائی چین اور فروخت کے تمام مراحل میں فوڈ سیفٹی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔نو تعینات ڈی جی نے اس بات پر زور دیا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی انسپکشن، مانیٹرنگ اور پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کی صحت کو درپیش خطرات کا بروقت تدارک ممکن ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔