کراچی (جنگ نیوز)معاشرے میں موجود ایسے سنگین اور حساس مسائل، جو آئے روز ہنستی بستی زندگیوں کو خاموشی سے نگل لیتے ہیں اور جنہیں اکثر عزت و ناموس کے نام پر دبا دیا جاتا ہے، اب ”جیو ٹی وی“کے نئے ڈرامہ سیریل ”ایک اور پاکیزہ“ میں بھرپور انداز سے اجاگر کیے جائیں گے۔ سماجی شعور کی بیداری اور مثبت رویّوں کو فروغ دینے کے عزم کے تحت تیار کیا گیا یہ ڈرامہ کینیڈین حکومت کے تعاون سے ”جیو ٹی وی“ اور کشف فاؤنڈیشن کی مشترکہ پیشکش ہے، جس کا باقاعدہ پریمیئر بدھ کو ”جیو ٹی وی“پر کیا جا رہا ہے۔ ڈرامہ سیریل ”ایک اور پاکیزہ“ کی کہانی معروف مصنفہ بی گل نے نہایت درد، حساسیت اور حقیقت پسندی کے ساتھ تحریر کی ہے۔ یہ کہانی جدید دور کے ایک اہم اور سنگین سماجی مسئلے ”سائبر کرائم“ کے گرد گھومتی ہے، جو خاموشی سے کئی زندگیاں متاثر کر رہا ہے۔ ڈرامے کی مرکزی کردار ”پاکیزہ“ ایک ایسی باہمت عورت ہے جو شدید کرب، سماجی دباؤ اور ناانصافیوں کے باوجود ہمت نہیں ہارتی بلکہ پورے عزم کے ساتھ معاشرتی منافقت کو للکارتی ہے اور سچ کے پردے ہٹانے کی جدوجہد کرتی ہے۔