اسلام آباد ( رانا غلام قادر)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف سویڈش ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ایرکسن (Ericsson )کے وفد نے منگل کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں 5Gاور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسٹرٹیجک شراکت داروں کی حمایت کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ ایرکسن کے وفد نے 5G اسپیکٹرم نیلامی سمیت ملک کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی مزید بہتری کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وفد کی قیادت کمپنی کے صدر اور مارکیٹ ایریا یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے سربراہ مسٹر پیٹرک جوہانسن کر رہے تھے۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ایرکسن کی چھ دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور ملک کے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں اقتصادی ترقی،پیداواری صلاحیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اگلی نسل کے ڈیجیٹل رابطے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔