کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) فلم اور ڈراموں کے ہیرو فیصل قریشی کیلئے گزشتہ برس بہت کامیاب ثابت ہوا، ایک جانب انکی فلم دیمک نہ صرف سپرہٹ ثابت ہوئی، بلکہ بین الاقوامی فیسٹیول میں ایوارڈز بھی اپنے نام کئے، دوسری جانب شاہ زیب خانزادہ کا لکھا ہوا منفرد اور سلگتے ہوئی موضوع پر لکھا ہوا ڈراما کیس نمبر 9 نے کامیابی کے کئی ریکارڈ اپنے نام کئے۔اپنے ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے والے لاجواب اداکار فیصل قریشی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں کسی بھی ڈراموں کو سائن کرتے ہوئے سب سے پہلے اسکرپٹ دیکھتا ہوں۔اسکرپٹ اچھا لگے تو ایک ہی رات میں پڑھ لیتا ہوں، دیگر صورت میں آدھا گھنٹہ میں پڑھ کر واپس کردیتا ہوں،شاہ زیب خانزادہ کے لاجواب اسکرپٹ نے ہم سب کو حیران کر دیا تھا، کیس نمبر 9 میں میرا کریکٹر منفی ضرور تھا، مگر بہت جاندار تھا۔وی لو ٹو ہیٹ یو، مجھے یہ لائن بہت اچھی لگی۔ناظرین نے میرے کریکٹر کو برا بھلا کہا، لیکن میری پرفارمنس کی تعریفیں کی۔ڈرامے کی کہانی کامران اور سحر کے علاوہ پوری نہیں ہوسکتی تھی۔