کراچی(رفیق مانگٹ) امریکا کے حالیہ فوجی آپریشنز میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں منشیات اسمگلنگ کے شبے میں ایک کشتی پر پہلا حملہ ایسے فوجی طیارے سے کیا گیا جو دیکھنے میں مکمل طور پر سویلین جہاز جیسا تھا۔ اس خفیہ کارروائی نے نہ صرف امریکی پالیسی بلکہ بین الاقوامی جنگی قوانین کے دائرے میں بھی شدید قانونی اور اخلاقی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں انسانی جانوں کے ضیاع اور جنگی ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزیوں پر سوال اٹھ رہے ہیں۔دی واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، ستمبر کے آغاز میں ہونے والا یہ حملہ ایک ایسے کریوڈ امریکی فوجی طیارے کے ذریعے کیا گیا جس پر کوئی ظاہری ہتھیار نصب نہیں تھے اور جسے جان بوجھ کر سویلین طیارے کی طرز پر رنگ کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس طیارے سے اسلحہ ونگز پر لٹکانے کے بجائے اندرونی لانچ ٹیوب کے ذریعے فائر کیا گیا، تاکہ اس کی عسکری شناخت چھپی رہے۔