اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) ڈیجیٹل کرنسی کی طرف بڑی پیشرفت‘پاکستان کاٹرمپ خاندان کے اہم کرپٹو بزنس ورلڈ لبرٹی فنانشل سے وابستہ فرم ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیزکے ساتھ معاہدہ‘ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت لانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ‘ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز USD1 اسٹیبل کوائن کو پاکستان کے بین الاقوامی ادائیگیوں اور ترسیلات زرکےنظام میں شامل کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کے ساتھ ملکرکام کریگی ‘معاہدہ ابھرتی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ڈھانچوں کے بارے میں تکنیکی اور تبادلہ خیال کی راہ ہموار کرے گا۔ورلڈ لبرٹی کے چیف ایگزیکٹو زچری وٹکوف کادورہ پاکستان‘ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کیساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھاہمارا فوکس یہ ہے کہ قابل اعتماد عالمی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں، نئے مالی ماڈلز کو سمجھیں اور یہ یقینی بنائیں کہ جدت ریگولیشن، استحکام اور قومی مفاد کے مطابق ہو‘برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے اہم کرپٹو بزنس، ورلڈ لبرٹی فائنانشل سے وابستہ ایک فرم SC فنانشل ٹیکنالوجیز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے تاکہ بین الاقوامی ادائیگیوں میں USD1 اسٹیبل کوائن کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ SC فنانشل ٹیکنالوجیز کے ساتھ مفاہمت نامہ جسے اس نے ورلڈ لبرٹی سے وابستہ ادارہ قرار دیا ہے، ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ڈھانچوں کے بارے میں تکنیکی اور تبادلہ خیال کی راہ ہموار کرے گا۔یہ اعلان ورلڈ لبرٹی جو ستمبر 2024 میں شروع ہونے والا ایک کرپٹو بیسڈ فنانس پلیٹ فارم ہے اور کسی خودمختار ریاست کے درمیان کیے جانے والے پہلے سرکاری تعاون میں سے ایک ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارہ پہلے ہی اطلاع دے چکا تھا کہ معاہدہ طے پا چکا ہے۔ معاہدے میں شامل ایک ذریعے کے مطابق معاہدے کے تحت SC فنانشل ٹیکنالوجیز پاکستان کے مرکزی بینک کے ساتھ کام کرے گی تاکہ اپنا USD1 اسٹیبل کوائن پاکستان کے ریگولیٹڈ ڈیجیٹل پیمنٹس ڈھانچے میں ضم کیا جا سکے، جس سے یہ ٹوکن پاکستان کی موجودہ ڈیجیٹل کرنسی انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ کام کرے گا۔زچری وٹکوف SC فنانشل ٹیکنالوجیز کے بھی سی ای او ہیں۔ کمپنی ڈیلاویئر میں رجسٹرڈ ہے اور ورلڈ لبرٹی کے ساتھ مل کر USD1 اسٹیبل کوائن برانڈ کی ملکیت رکھتی ہے، جیسا کہ جولائی 2025 کے اسٹیبل کوائن کے ذخائر کے دستاویزات سے ظاہر ہے۔ ورلڈ لبرٹی نے فوری طور پر اس دورے اور معاہدے پر تبصرہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ اسٹیبل کوائنز، جو عام طور پر امریکی ڈالر سے منسلک ہوتے ہیں، حالیہ برسوں میں اپنی قدر میں بے پناہ اضافہ کر چکے ہیں۔ ٹرمپ کی صدارت کے دوران امریکا نے وفاقی قوانین متعارف کرائے جو اس سیکٹر کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں اور دنیا بھر کے ممالک اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ادائیگیوں اور مالیاتی نظام میں اسٹیبل کوائنز کس حد تک کردار ادا کر سکتے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے اکتوبر میں رپورٹ کیا کہ ورلڈ لبرٹی نے ٹرمپ فیملی کے بزنس میں آمدنی میں تیز اضافہ کیا ہے، جس میں بیرونی ممالک سے بھی سرمایہ کاری شامل ہے۔ گزشتہ مئی میں، ابوظہبی کی ایک ریاستی سرمایہ کاری کمپنی MGX نے ورلڈ لبرٹی اسٹیبل کوائن استعمال کرتے ہوئے بائننس میں 2 بلین ڈالر کا ایکویٹی حصہ خریدا۔ پاکستان میں سالانہ 36 بلین ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زرآتی ہے اور تقریباً 40 ملین افراد کرپٹو استعمال کرتے ہیں جبکہ کرپٹو کی سالانہ تجارتی حجم 300 بلین ڈالر تک پہنچتی ہے، جیسا کہ ریگولیٹری اتھارٹی نے بتایا۔