اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد کئی ممالک نے جنگی طیارے خریدنے کیلئے رابطہ کیا ہے، دنیا میں ہمارے طیاروں کی مانگ بڑھ گئی، دفاعی پیداوار کی صنعت کو فروغ ملے گا،معاشی استحکام آگیا، اب ترقی کیلئے اقدامات کرینگے، پاکستان خوشحالی کے سفر پر گامزن ہوگا ، دہشت گردی کا مکمل صفایا کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں وفاقی کابینہ نے ملک میں آزادانرجی مارکیٹ کےقیام اورفروغ سےمتعلق پا لیسی کی منظوری دیدی ،وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر ، 2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی، وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر2025 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔علاوہ ازیں ایک اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی سیکرٹریز کی کارکردگی جانچنے کیلئے جامع اور موثر نظام بنانے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد دنیا میں ہمارے طیاروں کی مانگ بڑھ گئی، کراچی تا چمن شاہراہ اور بلوچستان میں سات دانش سکولز کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہوگی۔ وزیراعظم نے پاکستان ایئر فورس کو تیمور ویپن سسٹم اور پاک بحریہ کو ایل وائی 80 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کی کامیابی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل صفایا کرکے دم لیں گے، پاکستان کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کابینہ کو اپنے دورہ کوئٹہ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ این 25 شاہراہ ، کراچی تا چمن جو 850 کلومیٹر طویل ہے، کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہو گا اور وفاق اس پر 400 ارب روپے خرچ کرے گا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ بلوچستان میں 75 ارب روپے کی لاگت سے کسانوں کیلئے زرعی پیکیج کا منصوبہ بھی مکمل ہو چکا ہے جس کیلئے وفاق نے 50 ارب روپے فراہم کئے، سولر پینلز کے استعمال کے بعد بجلی چوری ختم ہو گئی ہے، اب کسانوں کو سولر سے زراعت کیلئے پانی مل رہا ہے۔