اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 48گھنٹوں میں ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے رولز کی نقول اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بارز کو بھی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار وکیل کو مخاطب کر کے کہا کہ اگر حکم پر عمل نہ ہوا تو آپ کریمنل پروسیجر فائل کر دینا، میں رجسٹرار کو بلا لوں گا۔ گزشتہ روز پی ٹی سی ایل متعلق کیس کی سماعت کے دوران پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز متعلق عدالتی استفسار پر وکیل نے لاعلمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ رولز کے حصول کیلئے درخواست دے رہے ہیں۔ جسٹس کیانی نے کہا کہ ہم نے وہ ہائیکورٹ رولز بنائے ہمیں بھی نہیں ملے، میں جج ہوں مجھے نہیں ملے تو آپ کو کیسے ملیں گے؟ فل کورٹ نے رولز منظور کئے لیکن باہر نہیں نکالے گئے۔