کراچی ( نیوز ڈیسک)ٹرمپ کی مقبولیت میں اچانک اضافہ، اگست کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،غیر ملکی مداخلتیں غیر مقبول، مگر ٹرمپ کی ریٹنگ میں واضح بہتری،غیر مقبول غیر ملکی مداخلتوں، معاشی دباؤ اور اندرونی تنازعات کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جہاں تازہ سرویز میں ان کی مقبولیت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔فوربز کے مطابق، تازہ ترین اے پی/نورک سروے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح 40 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو اگست کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ دسمبر میں یہ شرح 36 فیصد تھی۔ اگرچہ عوام کی اکثریت امریکی خارجہ پالیسی میں زیادہ سرگرم کردار کی حامی نہیں، تاہم ایران، وینزویلا اور دیگر عالمی معاملات پر جارحانہ مؤقف کے باوجود ٹرمپ کی مجموعی مقبولیت میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ سروے کے مطابق ٹرمپ کی ناپسندیدگی کی شرح میں بھی معمولی کمی واقع ہوئی ہے، جو 61 فیصد سے کم ہو کر 59 فیصد پر آ گئی ہے۔دریں اثنا وینزویلا میں ٹرمپ کی حکمت عملی کی حمایت، عوام کی اکثریت خوش،برطانوی جریدے کے سروے کے مطابق آزادی اور شفافیت کی شدید خواہش ،عوام جمہوریت کے لیے پرعزم اور پرجوش ہیں، مستقبل کی منصوبہ بندی کچھ مختلف ہو سکتی ہے، لیکن لوگوں کی اکثریت اقدام کو مثبت تبدیلی سمجھتی ہے۔برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 80فیصدوینزویلا کے لوگوں نے نیکولس مادورو کی گرفتاری اور حالیہ امریکی کارروائی کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام ملک کے مستقبل کے لیے بہتر ہے، جبکہ صرف 18فیصد نے اس کی مخالفت کی۔ ایک خصوصی سروے جسے امریکی تحقیقاتی فرم نے اکنامسٹ کے لیے تیار کیا سے ظاہر ہوا ہےکہ وینزویلا کے عوام نے اس ڈرامائی تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔