اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج انتظامات سعودی ٹائم لائن کیمطابق مکمل کیےجا رہے ہیں ، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت لاہور ایئرپورٹ کو بھی شامل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ، پاکستان کی آبادی کے تناسب سے سالانہ حج کوٹہ 2 لاکھ 30 ہزار کرنے کے لئے سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ قوی امید ہے کہ دیگر ممالک کے کوٹہ میں اضافے کے ساتھ پاکستان کے کوٹہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پرائیویٹ حج سکیم میں حج پیکج کے لئے اصلاحات پر کام کر رہے ہیں،روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں عازمین حج کی دہری امیگریشن کے لئے لاہور کو بھی شامل کرنے لئےکام تیزی سے جاری ہے ،حج 2025 کے بعد 75فیصد شکایات کم ہوئیں اس سال مزید کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو حج کمپلیکس اسلام آباد میں حج تربیتی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب اور میڈ یا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری و چیف کوآرڈینیٹر ٹریننگ محمد ندیم خان ، ڈائریکٹر حج قاضی سمیع الرحمان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات اور وفاقی کابینہ سے منظور شدہ حج پالیسی 2026 کی روشنی میں تمام انتظامات سعودی ٹائم لائن کے مطابق بروقت مکمل کیےجا رہے ہیں۔