اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز (پکرٹ) میں فاسٹ ٹریک کنسٹرکشن آف لیب بلڈنگ منصوبے میں مبینہ بدانتظامی اور مالی بے قاعدگیوں پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر افضل حسین سے وضاحت طلب کر لی ،جوائنٹ سیکرٹری نے نگرانی کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکامی پر ڈاکٹر افضل سے 3دن میں جواب مانگ لیا ۔مقررہ مدت میں جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں ای اینڈ ڈی رولز 2020ء کے تحت ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ اس کیس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (فنانس ) طارق رحیم کو معطل کیا جاچکا ہے ،وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کی منظوری کے بعد جوائنٹ سیکرٹری (آرگنائزیشن) طاہر احسان کے دستخطوں سے جاری خط میں کہا گیا کہ پکرٹ میں لیب بلڈنگ کی فاسٹ ٹریک تعمیر کے منصوبے پر بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر تعیناتی کے دوران کوتاہیوں کا ارتکاب کیا گیا جو کہ بدانتظامی کے زمرے میں آتا ہے، آپ کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔