ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر کو صاف ستھرا اور خوشگوار بنانے کے لیے صفائی کے اقدامات مزید تیز کر دیے ۔ شہر بھر میں روزانہ کی بنیاد پر چھڑکاؤ اور روڈ واشنگ کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران سی ای او نے فیلڈ میں موجود عملے کی حاضری چیک کی، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور شہریوں سے ملاقات کر کے صفائی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔عابد حسین بھٹی نے بتایا کہ گنجان آباد علاقوں، مصروف چوکوں اور اہم شاہراہوں میں خصوصی صفائی مہم جاری ہے، جس کے تحت سڑکوں کی دھلائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور صفائی کے دیگر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے سائن بورڈز، ڈیوائیڈرز اور دیگر اہم عمارات کو سرف ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے۔سی ای او نے مزید کہا کہ صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے فیلڈ آپریشنز کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔