کراچی(محمد ندیم /اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کےجبری برطر ف کئے گئے 264 مزدوروں کو 15 سال بعد عدالت سےانصاف مل گیا، سینئر سول جج ساؤتھ عامر لطیف بھٹی نےکے الیکٹرک کو 15 سال کے واجبات ادائیگی کے ساتھ ملازمین کوبحال کرنے کا حکم دیدیا،فاضل جج کے فیصلے سے قبل کے الیکٹرک کے وکیل جب عدالت کو مطمئن نہ کرسکے تو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد ظاہرکرتے ہوئے کیس منتقلی کی درخواست بھی دائرکی جسے سیشن عدالت نے مسترد کردیا، مزدوروں کےمقدمے میں سینئر وکیل مخدوم علی خان نے بغیر فیس کے پیروی کی ،انصاف ملتے ہی احاطہ عدالت میں موجود مزدور ایک دوسرے سے لپٹ کر خوشی سے رونے لگے،مزدور رہنمااخلاق احمد نے کہاکہ ظلم کی رات کتنی ہی اندھیری کیوں نہ ہو سویرا ضرورہوتا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینئر سول جج جنوبی عامر لطیف بھٹی نے کے الیکٹرک کے برطرف شدہ 264وی ایس ایس (VSS)رضا کارانہ علیحدگی اسکیم سے متعلق ملازمین کے کیس میں این آئی آر سی (نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن) فل بنچ کی طرف سے ملازمین کو بمعہ تمام مراعات کے ساتھ بحالی کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے کے الیکٹرک منجمنٹ کے حکم امتناع کو مسترد کردیا۔