کراچی(اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026“ کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، نائب صدر و سینئر اداکار منور سعید، ڈرامہ کمیٹی کے چیئرمین شہزاد رضا نقوی اور سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے بریفنگ دی، محمد احمد شاہ نے کہاکہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول 2026“ کا آغاز 22 جنوری سے کیا جائے گا، 25 روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ 15 فروری تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اے سی آڈیٹوریم میں جاری رہے گا، جمعہ 6 فروری کو بشیر سدوزئی کا لکھا ہوا تھیٹر ”دخترِ کشمیر“ اوپن ایئر تھیٹر میں پیش کیا جائے گا، عوامی تھیٹر فیسٹیول میں اردو ، پنجابی، میمنی، بلوچی، سرائیکی اور سندھی زبان میں 30 تھیٹر پیش کیے جائیں گے، تھیٹر روزانہ رات 8 بجے شروع ہوگا جبکہ ہفتہ اور اتوار کے دن دو شو بھی پیش کیے جائیں گے،محمد احمد شاہ نے کہاکہ کراچی ہمارا شہر ہے ، سندھ ہمارا صوبہ ہے ، میں یہ سمجھتا ہوں کہ آرٹس کونسل کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے شہر اور صوبے میں کام کرے، ہم سندھ میں تمام آرٹس کونسلز کو فعال کررہے ہیں ، میں تمام آرٹس کونسل کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔