کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو جوکام 15سال قبل کرنے چاہیئے تھے وہ آج تک نہیں کیے گئے، حکومت کی 5ڈبل ڈیکر اور بی آر ٹی و لال بسوں سمیت 450 بسوں اور تقریباً 800نجی بسوں سے اہل کراچی کے سنگین ٹرانسپورٹ مسائل کبھی حل نہیں ہو سکتے، ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ”کراچی ٹرانسپورٹ، سلگتے مسائل و حل“ کے عنوان سے منعقد مذاکرے سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا ، مقررین نےکہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے سنگین مسائل کی بنیادی وجہ حکومتی اداروں کی نا اہلی، پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں و تباہ حال انفرا اسٹرکچر، تجاوزات کا قیام اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں حکومت کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی ہے، مذاکرے سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، سینئر صحافی مظہر عباس،عبد الجبار خٹک،سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی عبدالروف فاروقی، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ،ڈاکٹر اقبال آفریدی، ڈاکٹر ظفر فاطمی، ڈاکٹر توحید، آل واٹر ٹینکر اونر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی باچا خان، جے آئی یوتھ کراچی کے سیکریٹری اسماعیل بلوچ و دیگر نےبھی خطاب کیا، مقررین نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرے گی اور صرف اعلانات و بیانات تک محدود رہے گی تو کراچی کے عوام آئندہ بھی اذیت کا شکار رہیں گے۔