اسلام آباد (مہتاب حیدر) عالمی بینک: پاکستان بجلی کا خسارہ کم کرے، تب ہی اربوں ڈالر قرض ملے گا، توانائی کے شعبےنے قرضوں اور مراعات کی ایک طویل خواہشات کی فہرست پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ خسارے کا شکار پاور سیکٹر کی مالی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے درمیانی سے طویل مدتی بنیادوں پر اربوں ڈالر کے قرض کے حصول کے لیے نتائج پر مبنی حکمت عملی تیار کرے۔ رپورٹ کے مطابق توانائی کے شعبے، جس میں بجلی اور گیس دونوں شامل ہیں، کی جانب سے (قرضوں اور مراعات کی) ایک طویل خواہشات کی فہرست پیش کی گئی ہے۔ تاہم عالمی بینک نے حکومت پاکستان کو واضح کر دیا ہے کہ وہ اس پورے شعبے کا مجموعی طور پر جائزہ لے گا۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے پاور سیکٹر کے قرضے کی ری فنانسنگ کے لیے عالمی بینک سے رجوع کیا ہے تاکہ مہنگے قرضے کی لاگت کو کسی کثیرالملکی مالیاتی ادارے سے حاصل کیے جانے والے نسبتاً سستے قرضے سے کم کیا جا سکے۔