• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان قیادت میں اندرونی تصادم، کابل بمقابلہ قندھار طاقت کی جنگ سامنے آگئی

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)طالبان قیادت میں اندرونی تصادم، کابل بمقابلہ قندھار طاقت کی جنگ سامنے آگئی،افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت میں سخت اندرونی اختلافات منظر عام پر آئے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت اب عملی طور پر دو دھڑوں میں تقسیم ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق طالبان کے سربراہ ہبت اللہ  اخوندزادہ کی ایک لیک ہونے والی آڈیو کلپ میں انہیں متنبہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اندرونی تقسیم کے نتیجے میں اسلامی امارت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طالبان قیادت دو واضح دھڑوں میں منقسم ہے۔ قندھار میں موجود گروہ کی قیادت ہبت اللہ اخوندزادہ کے ہاتھ میں ہے جو ایک سخت گیر اسلامی امارت کے قائل ہیں۔ان کا تصور ایک ایسے نظام کا ہے جو جدید دنیا سے کٹا ہوا ہو، جہاں مذہبی شخصیات کے ذریعے معاشرے پر مکمل کنٹرول قائم رکھا جائے۔ اس دھڑے میں خواتین کی تعلیم اور ملازمت کی سخت مخالفت کی جاتی ہے اور جدید ٹیکنالوجی خصوصاً انٹرنیٹ کو اسلامی اقدار کے لیے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید