اسلام آباد (صالح ظافر)ممتاز سفارت کار فیصل نیاز ترمذی، وفاقی جمہوریہ روس کے لیے پاکستان کے غیر معمولی اور بااختیار سفیر نے، جمعرات کو ماسکو کے گرینڈ کریملن پیلس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں روسی صدر ولادیمیر وچ پیوٹن کو باضابطہ طور پر اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے صدر پیوٹن کو پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور عوام کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ صدر پیوٹن نے پاکستان کو روس کا ایک قریبی شراکت دار قرار دیتے ہوئے، اس بات کو تعریف کے ساتھ نوٹ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں توسیع ہو رہی ہے، بالخصوص تجارت، سفارت کاری، کامرس، تعلیم، زراعت، فارماسیوٹیکل، ریلوے، صنعت، صحت اور آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کے شعبوں میں۔