لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل راوی کا دورہ کیا۔ انہوں نے حاجی کوٹ اور کالا خطائی روڈ پر لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سکیموں اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر راوی کی بریفنگ کے دوران ڈی سی لاہور نے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے گلیوں کی کھدائی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور نقائص فوری دور کرنے کا حکم دیا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی ٹھیکیداروں کی سخت نگرانی اور محکموں کو باہمی کوآرڈینیشن کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ غفلت پر سخت تادیبی کارروائی ہوگی، کیونکہ شہریوں کو بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔