اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ، نیو زرپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شب معراج کے موقع پر پیغا م میں کہاکہ شبِ معراج کا بابرکت موقع پوری امت مسلمہ کےلئے روحانی بلندی، کامل ایمان اور الّلہ تعالیٰ کے قرب کی عظیم علامت ہے۔ واقعۂ معراج ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ آزمائشیں اور مشکلات عارضی ہوتی ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے شب معراج پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب معراج کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تہنیت پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی اس مبارک شب کی مذہبی اہمیت اور روحانی قدر و منزلت سے مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے، شبِ معراج امتِ مسلمہ کے لیے عظیم الشان روحانی اور ایمانی اہمیت کی حامل رات ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ؐ کو معراج کا شرف عطا فرمایا، یہ رات ہمیں ایمان کی مضبوطی، عبادت کی اہمیت، صبر، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتی ہے۔