کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب کراچی سے جیونی جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے الٹنے سے دس مسافر جاں بحق36زخمی ہوگئے، حادثہ تیز رفتار ی کے باعث پیش آیا، زخمی مسافروں کا تعلق سندھ سے ہے، سات شدید زخمی علاج کیلئے کراچی منتقل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ زخمی ہونے والے مسافروں کے علاج معالجے اور فوری طبی امداد سے متعلق تبادلہ خیال کیا، پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح سات بجے مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ زیرو پوائنٹ کے قریب کراچی سے جیونی آنے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی حادثے کے نتیجے میں دس مسافر جاں بحق جبکہ 36زخمی ہوگئے اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کربس میں پھنسی لاشوں اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی سات مسافروں کو کراچی منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسافر بس میں چالیس مسافر سوار تھے،زخمی ہونے والے تمام مسافروں کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور متعلقہ انتظامی حکام کو ہدایت کرتے ہوئے شدید زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر کراچی کے معیاری نجی اسپتالوں میں ایئر لفٹ کرنے دیکھ بھال اور بروقت اقدامات کو مکمل کرنے اور جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی ہدایت اور حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے۔