اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو غزہ کیلئے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ یہ بات اتوار کو ترجمان وزارت خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں بتائی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کو امریکا کے صدر کی جانب سے غزہ کے لیے قائم بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔ غزہ میں امن و سلامتی کے قیام کیلئے عالمی کوششوں میں بھرپور انداز میں شامل رہیں گے ،1967سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی خوددمختار فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق اپنے دیرینہ موقف پر قائم ہیں، پاکستان اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گا وہ اپنی سیاسی قیادت اور پارلیمنٹ کے ذریعے اجتماعی طور پر کرے گا، جس میں قومی مفاد اور فلسطینی عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اگر پاکستان (اس بورڈ میں) شامل ہوتا ہے، تو وہ غزہ میں امن کی کوششوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی میں ایک تعمیری اور مستحکم کردار ادا کر سکتا ہے۔