• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نہیں جائیں گے، پاکستان بنگلادیشی موقف کے ساتھ کھڑا ہوگیا، مکمل حمایت کی یقین دہانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کر کٹ بورڈ نے اپنی حکومت کی اجازت سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت نہ جانے کے اپنے فیصلے پر پاکستان کر کٹ بورڈ سے مدد مانگ لی، جبکہ بنگلہ دیشی بورڈ حکام نے بعض دوسرے ملکوں کے بورڈ حکام سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے اس موقف پر بنگلہ دیش کو پوری طرح سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ اگر بنگلا دیش کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے کا جائزہ لے گا۔ بنگلہ دیش کی حکومت نے حکومت پاکستان کو اپنے فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے کہا کہ بنگلادیش کی معقول اور درست وجوہات ہیں، ان پر عمل درآمد ہونا چاہیے اور بھارت کوکسی ملک کوڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔دوسری جانب آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے عہدے داروں کے درمیان ملاقات میں بنگلہ دیش کے گروپ کو تبدیل کرنے پرکرکٹ آئرلینڈ نے اپنے گروپ کی تبدیلی کے امکان کو رد کردیا ہے۔کرکٹ آئرلینڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ ہمارا گروپ تبدیل نہیں، ہم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گی۔ آئی سی سی عہدیداران میں میٹنگ میں بنگلادیش نے سری لنکا میں تمام میچز کھیلنے کےلیے آئرلینڈ سے گروپ تبدیل کرنے کا کہا تھا۔ آئی سی سی وفد نے ہفتے کی ملاقات کے بعد حتمی فیصلے سے قبل آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مشاورت اور بی سی سی آئی سے بات چیت کے لیے مزید وقت مانگاہے ۔کرکٹ ویب سائٹ سے بات چیت میں کرکٹ آئرلینڈ نے میچز منتقل نہ کرنے کی بات کی اور کہا کہ ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پہلے شیڈول کے مطابق ہمیں کہیں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ کرکٹ آئرلینڈ کے آفیشنلز کا کہنا ہے کہ ہم یقینی طور طور پر گروپ میچز سری لنکا میں کھیل رہے ہیں ۔ آئرلینڈ گروپ سی میں سری لنکا، آسٹریلیا، زمبابوے اور عمان کے ساتھ شامل ہے جبکہ گروپ بی میں شامل بنگلادیش کے 3 میچز کولکتہ اور 1 ممبئی میں ہے، اس کے میچز ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیپال اور اٹلی سے ہوں گے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان نے بنگلا دیش کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت ٹیم نہ بھیجنے کے معاملے پر بنگلا دیشی حکومت کا پاکستانی حکومت سے رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان نےبنگلا دیش کو اس معاملے پر مکمل سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کر کٹ بورڈ کے حکام نے سری لنکا، متحدہ عرب امارات ،افغانستان بورڈ کے ساتھ بھی رابطہ کر کے انہیں بھارت میں درپیش سیکیورٹی مسائل سے آگاہ کیا ہے، جس میں مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے متعلق معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیداروں کے بیانات اور احتجاج کے شواہد کے بارے میں اعتماد میں لیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید